اردو زبان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا مستند جریدہ

فون ریویو: سام سنگ گلیکسی جے 7 میکس

2,521

اسمارٹ فونز کی مارکیٹ روز بروز پھیلتی جا رہی ہے اور کوئی ہفتہ ایسا نہیں گزرتا جس میں کسی موبائل فون کمپنی کی جانب سے کوئی نیا فون متعارف نہ کروایا گیا ہو۔ اس ہفتے دیگر کئی فونز کے ساتھ، سام سنگ کی جانب سے پاکستانی مارکیٹ میں گلیکسی J7 میکس فروخت کے لیے پیش کیا گیا۔

یہ فون نیا نہیں ہے۔ سام سنگ نے اسے گزشتہ برس اگست میں ریلیز کیا تھا۔ لیکن پاکستان میں اسے فروری 2018ء میں لانچ کیا گیا۔ بظاہر اس کی وجہ یہی نظر آتی ہے کہ سام سنگ اس رینج میں پہلے اپنے دوسرے اسمارٹ فونز بیچنا چاہتا تھا۔

فون کا مکمل ویڈیو ریویو اردو میں دیکھیے:

5.7 انچ بڑی اسکرین کا حامل یہ فون 1080×1920 کا فل ایچ ڈی ڈسپلے فراہم کرتا ہے۔ لیکن سام سنگ نے اس فون میں اپنی بہترین سپر ایمولیڈ اسکرین استعمال کرنے کی بجائے PLS TFT ایل سی ڈی استعمال کی ہے جس کے رنگ عام TFT ایل سی ڈی اسکرین سے تو بہتر ہیں، لیکن سپر ایمولیڈ کے مقابلے میں روشن نہیں لگتے۔ فون کو اگر مختلف زاویوں سے دیکھا جائے تو اس کے رنگ گہرے اور سیاہ مائل نظر آتے ہیں۔ بہرحال، یہ پرائیویسی کے اعتبار سے مثبت پہلو بھی ہوسکتا ہے۔

فون کا ڈیزائن سام سنگ کے دیگر فونز جیسا ہی ہے۔ اسکرین کے نیچے فزیکل ہوم بٹن ہے جو فنگر پرنٹ اسکینر کا کام بھی کرتا ہے۔ فون کے دائیں کنارے پر پاور بٹن اور بائیں کنارے پر آواز بڑھانے اور گھٹانے کے بٹن ہیں۔

گلیکسی جے7 میکس میں اینڈرائیڈ نوگٹ 7.0 نصب ہے، جس پر سام سنگ ایکسپیرئنس کا ورژن 8.1 موجود ہے۔ یعنی اس فون کی تھیم، اسٹائل، آئکنز، سب سام سنگ کے بالکل نئے اور مہنگے فونز جیسے ہیں۔

فون کی ایک عمدہ بات اس کے کیمرے ہیں۔ سام سنگ نے بیک کیمرا اور فرنٹ پر سیلفی کیمرا، دونوں فلیش لائٹ کے ساتھ 13 میگا پکسل کے دیے ہیں۔ دونوں کیمروں کا رزلٹ بہت عمدہ ہے۔

فرنٹ کیمرا تصویر لینے کے ساتھ ساتھ فیس ریگگنیشن (face recognition) لاک کی سہولت بھی فراہم کرتا ہے۔ یعنی آپ پیٹرن، پن، پاسورڈ اور فنگر پرنٹ کے علاوہ، اپنے چہرے سے بھی فون ان لاک کرسکتے ہیں۔ فیس لاک کا رسپانس بہت عمدہ ہے اور فون کو چہرے کے سامنے مختلف زاویوں پر رکھنے کے باوجود فون بآسانی ان لاک ہوگیا۔ فیس لاک کی طرح فنگر پرنٹ اسکینر بھی بہت رسپانسو ہے اور ایک سیکنڈ سے بھی کم میں فون ان لاک ہوجاتا ہے۔

سام سنگ نے جے7 میکس میں ایک نیا فیچر شامل کیا ہے، اور وہ ہے اسمارٹ گلو رِنگ (Smart Glow Ring)۔ بیک کیمرے کے چاروں طرف لائٹ دی گئی ہے جو مختلف اشارے دینے کے لیے جگمگاتی ہے۔ مثلاً اگر آپ سے کوئی کال چھوٹ گئی ہو، یا کوئی پیغام آیا ہوا ہو، یا کسی دوسری ایپ کا نوٹیفکیشن ہو تو یہ لائٹ جگمگانے لگتی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ آپ روشنی کا رنگ مختلف ایپس کے لیے اپنی مرضی سے منتخب بھی کرسکتے ہیں۔

ایک اور خصوصیت جو اس فون کو دیگر کئی فونز سے ممتاز کرتی ہے، وہ اس کی سم سلاٹس ہیں۔ عام طور سے دو سم والے اسمارٹ فونز میں ہائبرڈ سم سلاٹ استعمال کی جاتی ہے، یعنی اگر آپ مائیکرو ایس ڈی کارڈ لگانا چاہیں تو آپ کو ایک سم کی قربانی دینی پڑتی ہے۔ لیکن جے7 میکس میں دو علیحدہ سلاٹس دی گئی ہیں۔ ایک سلاٹ پہلی نینو سم کے لیے، جبکہ دوسری سلاٹ میں مائیکرو ایس ڈی کارڈ کے ساتھ ایک اور نینو سم لگانے کی گنجائش ہے۔

فون میں 3300 ایم اے ایچ کی نان ریمووایبل بیٹری موجود ہے جو بآسانی ایک دن کا بیک اپ فراہم کرتی ہے۔ فون کی روم 32 جی بی اور ریم 4 جی بی ہے۔ البتہ صرف ایک چیز کھٹکتی ہے اور وہ ہے چِپ سیٹ۔ سام سنگ نے جے7 میکس میں میڈیا ٹیک کا چِپ سیٹ استعمال کیا ہے۔ البتہ بھرپور ٹیسٹنگ کے دوران مجھے فون گرم ہوتا ہوا محسوس نہیں ہوا۔

پاکستانی مارکیٹ میں فون کی قیمت 32 ہزار روپے ہے۔ اس پرائس رینج میں اب فونز کی تعداد بڑھنے لگی ہے۔ دیکھنا یہ ہے کہ یہ فون اپنے حریفوں کا کتنا مقابلہ کرسکے گا۔

خوبیاں:

  • 4 جی بی ریم
  • 13 میگاپکسل بیک اور فرنٹ کیمرا
  • دو سم کارڈز اور مائیکرو ایس ڈی کارڈ کے لیے علیحدہ سلاٹس

خامیاں:

  • میڈیا ٹیک کا چپ سیٹ
  • سپرایمولیڈ اسکرین کی بجائے PLS TFT ایل سی ڈی کا استعمال

چیدہ چیدہ اسپیسفکیشن

فون: Samsung Galaxy J7 Max

آپریٹنگ سسٹم: اینڈرائیڈ نوگٹ (7.0)

اسکرین: 5.7 انچ

ڈسپلے: PLS TFT ایل سی ڈی

بیک کیمرا: 13 میگاپکسل

فرنٹ کیمرا: 13 میگا پکسل

بیٹری: 3300 ایم اے ایچ (نان ریمووایبل)

قیمت: 32 ہزار روپے

تبصرے
لوڈنگ۔۔۔۔
error: اس ویب سائٹ پر شائع شدہ تمام مواد کے قانونی حقوق بحق ادارہ محفوظ ہیں