اردو زبان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا مستند جریدہ

مائیکروسافٹ ایج براؤزر اب اینڈرائیڈ اور آئی او ایس پر بھی

937

عالمی اسمارٹ فون مارکیٹ میں اینڈرائیڈ اور آئی او ایس کی اجارہ داری کا خواب چکناچور ہونے کے بعد مائیکروسافٹ کی اب تمام تر توجہ دونوں کامیاب موبائل پلیٹ فارمز پر کارآمد ایپس اور سروسز بنانے پر مرکوز ہے۔ اس کے علاوہ وہ مکسڈ ریئلٹی ہارڈویئر اور سافٹویئر اور سرفیس مصنوعات بنا کر پی سی انڈسٹری میں اپنی بالادستی کو مستحکم کرنے کی کوشش بھی کر رہا ہے۔

لیکن جہاں تک معاملہ اینڈرائیڈ اور آئی او ایس ایپس کا ہے، آج کا دن بہت ہی اہم ہے۔ وہ ہو رہا ہے جس کا شدت سے انتظار تھا، مائیکروسافٹ کا مشہور زمانہ ایج (edge) براؤزر اب اسمارٹ فونز کی دنیا میں بھی آ رہا ہے۔

جولائی 2015ء میں انٹرنیٹ ایکسپلورر کی جگہ ونڈوز کمپیوٹرز پر جاری کیا گیا براؤزر اب بھی عالمی سطح پر اتنا معروف نہیں اور براؤزرز کی مارکیٹ میں اس کا حصہ صرف 2.2 فیصد ہے۔ لیکن مائیکروسافٹ ہمت نہیں ہار رہا اور اب بالکل نئے میدان میں قدم رکھ رہا ہے۔

آٹھ ہفتوں کے پبلک بیٹا ٹیسٹ کے بعد، جس میں “لاکھوں” صارفین نے مائیکروسافٹ کو فیڈبیک دیا، اب ایج براؤزر اینڈرائیڈ اور آئی او ایس دونوں کے لیے دستیاب ہے۔ صارفین کے لیے کم از کم اینڈرائیڈ 4.4 اور آئی او ایس 10 ہونا ضروری ہے۔

یہ آئی او ایس ایپ اسٹور اور گوگل پلے پر ڈاؤنلوڈ کے لیے مفت ہوگا اور بقول مائیکروسافٹ کے “موبائل ڈیوائس سے لے کر ونڈوز 10 پی سی تک یکساں براؤزنگ تجربہ فراہم کرے گا۔”

فون ہو یا ڈیسک ٹاپ، مائيکروسافٹ ایج کے درمیان مواد کو منتقل کرنا آسان ہوگا، پاس ورڈز، بک مارکس اور دیگر تمام آن لائن معلومات sync ہوتی رہے گی۔

یہ کہنا تو مشکل ہے کہ آخر کوئی صارف کروم اور سفاری کو چھوڑ کر ایج کو استعمال کیوں کرے گا؟ لیکن پھر بھی آگے بڑھنے کے مواقع ہمیشہ رہتے ہیں، دیکھتے ہیں مائیکروسافٹ کے نصیب میں کیا نکلتا ہے؟

تبصرے
لوڈنگ۔۔۔۔
error: اس ویب سائٹ پر شائع شدہ تمام مواد کے قانونی حقوق بحق ادارہ محفوظ ہیں