اردو زبان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا مستند جریدہ

گوگل پکسل 2 سوشل میڈیا فوٹوگرافرز کے لیے آئیڈیل فون کیوں؟

1,007

بلاشبہ ایپل اور سام سنگ اسمارٹ فونز بنانے والے بہترین ادارے ہیں لیکن اگر بات کیمرے کی ہو تو گوگل کے پکسل2 اسمارٹ فون کا کوئی مقابل نہیں۔

گوگل نے حال ہی میں اعلان کیا ہے کہ پکسل2 فونز کا آئندہ اپڈیٹ انسٹاگرام، اسنیپ چیٹ اور واٹس ایپ سمیت معروف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تصویر کے معیار کو بہتر بنائے گا۔

گوگل پکسل2 میں کی چند خوبیاں ایسی ہیں، جن کی بنیاد پر ہم کہہ سکتے ہیں کہ اگر کسی بھی اسمارٹ فون میں سب سے زیادہ کیمرے کو ترجیح دیتے ہیں تو آپ کو پکسل 2 کا انتخاب کرنا چاہیے۔ آئیے آپ کو بتاتے ہیں:

پورٹریٹ موڈ، سیلفی کیمرے میں بھی

پورٹریٹ موڈ اب کافی عام ہو چکا ہے۔ یہ صارف کو ڈی ایس ایل آر معیار کی تصاویر لینے کی سہولت دیتا ہے۔ پس منظر کو دھندلا کر اس فرد یا چیز کو نمایاں کرنا جس کی تصویر لی جا رہی ہے، پورٹریٹ موڈ کی سب سے عام صورت ہے جسے bokeh effect کہا جاتا ہے۔ جتنے بھی اسمارٹ فونز پورٹریٹ موڈ پیش کرتے ہیں، ان سب میں یہ سہولت بیک کیمرے میں ہے لیکن پکسل2 میں سیلفی کیمرا بھی یہ صلاحیت رکھتا ہے۔ ایپل کا جدید ترین آئی فون X بھی bokeh effect اور دوسری کیمرا ٹرکس پیش کرتا ہے لیکن اس کا سافٹویئر ابھی بیٹا مرحلے میں ہے اور ڈی ایس ایل آر معیار پیش نہیں کرتا۔ یعنی ہرلحاظ سے پکسل2 آئی فون X سے اچھی تصاویر لے سکتا ہے۔


طاقتور ترین سنگل لینس کیمرا

بیشتر مہنگے اسمارٹ فونز میں ڈوئل لینس کیمرے ہیں جیسا کہ آئی فون7، 8 اور X، سام سنگ گلیکسی ایس8 اور دیگر، لیکن پکسل 2 اپنی تصاویر کے معیار میں ان تمام فونز کو شکست دے سکتا ہے، وہ بھی اپنے سنگل لینس کیمرے سے۔ کئی اسمارٹ فونز بنانے والے اداروں نے کیمرے کو بہتر بنانے کے لیے ڈوئل لینس لگائے لیکن گوگل نے یہ عروج حاصل کیا صرف اپنی سافٹویئر آپٹمائزیشن کے ذریعے۔


سستا، سادہ اور شاندار

اس وقت مارکیٹ کے بہترین اسمارٹ فونز کی خصوصیات دیکھیں اور ان کی قیمت دیکھیں۔ ان کے مقابلے کو آپ کو پکسل2 کہیں کم قیمت پر ملے گا، جس کی قیمت 650 ڈالرز سے شروع ہوتی ہے۔پھر صورت بھی دیکھیں تو پکسل2 کی سادگی ہی اس کا حسن ہے۔ سادہ المونیم ڈیزائن، سادہ رنگوں کا انتخاب، سادہ قیمت لیکن بہت ہی جاندار کیمرا اور سافٹویئر۔


خالص اینڈرائیڈ، فوری اپڈیٹس

گوگل اسمارٹ فونز کو اینڈرائیڈ کا آئی فون کہا جاتا ہے کیونکہ اس میں بالکل وہی سافٹویئر ہوتا ہے جو دراصل گوگل بناتا ہے البتہ دیگر اینڈرائیڈ فونز میں بنانے والے ادارے اپنا مال مسالا، اور کچرا بھی، ڈالتے ہیں۔ یہی نہیں بلکہ گوگل ڈیوائسز اینڈرائیڈ کی طرف سے سب سے پہلے اور براہ راست اپڈیٹس بھی حاصل کرتی ہیں۔ اس وقت پکسل2 پر اینڈرائیڈ اوریو ہے جو جدید ترین آپریٹنگ سسٹم ہے جس میں نیا ڈجیٹل زوم اور ایچ ڈی آر+ فیچرز بھی ہیں۔


لامحدود اسٹوریج

پکسل2 صارفین کو اپنی تصاویر کھونے کی کوئی فکر ہوتی ہے اور نہ ہی انہیں اپنی اسٹوریج کا غم ہوتا ہے کیونکہ ان کی تصاویر گوگل فوٹوز پر باآسانی محفوظ ہو جاتی ہیں۔ گوگل کی فوٹوز ایپ آسان شیئرنگ اور ایڈیٹنگ کے آپشنز بھی دیتی ہے۔ اور کیا چاہیے؟

تبصرے
لوڈنگ۔۔۔۔
error: اس ویب سائٹ پر شائع شدہ تمام مواد کے قانونی حقوق بحق ادارہ محفوظ ہیں