اردو زبان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا مستند جریدہ

ایلون مسک کی ذاتی گاڑی بھی مریخ جائے گی

822

خلائی تحقیقات میں معروف نجی ادارے اسپیس ایکس کا سب سے طاقتور راکٹ فیلکن ہیوی (Falcon Heavy) ہے۔ اس کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ یہ اسپیس ایکس کے دیگر راکٹوں کی طرح دوبارہ استعمال کے قابل ہے۔ ادارہ بہت جلد اسے پہلی بار لانچ کرنے جا رہا ہے اور مزیدار بات یہ ہے کہ ایلون مسک کی ذاتی ٹیسلا کار بھی اس کے ساتھ جائے گی!

اسپیس ایکس نے 2017ء میں اس جاندار راکٹ کے تجربے کا اعلان کیا تھا اور دراصل اسے نومبر کے مہینے میں کیا جانا تھا لیکن اب ادارے کے سی ای او ایلون مسک نے تصدیق کی ہے کہ یہ جنوری میں کیا جائے گا۔ اس اعلان کے دوران مسک نے انکشاف کیا کہ فیلکن ہیوی راکٹ میں ان کی ذاتی ٹیسلا روڈسٹر کار بھی ہوگی جس میں لانچ کے دوران ڈیوڈ بووی کا مشہور گانا Space Oddity بھی چلایا جائے گا۔

منصوبے کے مطابق اس راکٹ کی منزل مریخ ہوگی اور اگر سب کچھ منصوبے کے مطابق ہوتا رہا تو مسک کی ذاتی گاڑی سرخ سیارے کے مدار میں پہنچ جائے گی بلکہ مسک کے اپنے الفاظ میں “اربوں سالوں تک” وہاں رہے گی۔

اسپیس ایکس کے صدر گوینی شاٹویل نے ایوی ایشن ویک میں بتایا تھا کہ کمپنی فیلکن ہیوی راکٹ کے تجربے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے،جس میں اس کے تمام 27 مرلن انجنوں کو ایک ساتھ چلایا جائے گا۔ یہ تجربہ 2017ء کے اختتام سے پہلے کیا جائے گا اور اگر اس میں کوئی مسئلہ نہ ہوا تو اگلے ہفتوں میں مکمل لانچ کیا جائے گا۔

وقت بہت کم ہے لیکن ایلون مسک بھی ایلون مسک ہیں۔ کچھ بھی ہو، یہ بات تو یقینی ہے کہ یہ ایک شاندار نظارہ ہوگا۔

تبصرے
لوڈنگ۔۔۔۔
error: اس ویب سائٹ پر شائع شدہ تمام مواد کے قانونی حقوق بحق ادارہ محفوظ ہیں