اردو زبان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا مستند جریدہ

ایپل بھی فولڈیبل فون کے میدان میں؟

379

حالیہ چند سالوں میں بارہا ایسی افواہیں اڑی ہیں کہ سام سنگ ایک ایسا اسمارٹ فون جاری کرنے والا ہے جس کا ڈسپلے فولڈیبل ہوگا لیکن یہ باتیں کبھی افواہ سے آگے نہیں گئیں۔ ویسے ایپل کے لیے تو اب تک کوئی افواہ بھی نہیں اڑائی گئی تھی لیکن اب ایسا لگتا ہے کہ ایپل بھی فولڈیبل فونز کی دنیا میں قدم رکھنے والا ہے۔

گزشتہ ہفتے امریکا کے پیٹنٹ اینڈ ٹریڈ آفس میں ایپل نے ایک ایسی پیٹنٹ ایپلی کیشن جمع کروائی ہے جس میں لچکدار ڈسپلے اسکرین کی حامل الیکٹرانک ڈیوائسز پر تحقیق کی تفصیلات موجود ہیں۔

پیٹنٹ درخواست کا کہنا ہے کہ “ٹیکنالوجی کسی بھی قسم کی برقی ڈیوائس کے لیے ہے جس میں ڈسپلے ہو جیسا کہ لیپ ٹاپ کمپیوٹر، ایک ٹیبلٹ کمپیوٹر، سیلولر ٹیلی فون، کلائی گھڑی یادوسری برقی ڈیوائس”

اگر یہ ایک فولڈیبل آئی فون اسکرین بنانے کے لیے ہے تو ایپل یہی ٹیکنالوجی اپنی دیگر مصنوعات میں بھی استعمال کر سکتا ہے جیسا کہ میک اور ایپل واچ میں۔ ایک فولڈیبل آئی فون بڑے سائز کے اسمارٹ فون کو جیب یا بٹوے میں رکھنے میں پیش آنے والی مشکلات کا خاتمہ کر سکتا ہے اور صارفین اسے عام کاغذ کی طرح تہہ کرکے یا کھول کر استعمال کر سکتے ہیں۔

ایک ایسے موقع پر جب کہا جا رہا ہے کہ سام سنگ کا ‘پروجیکٹ ویلی’ یا ‘گلیکسی ایکس‘ 2018ء پیش کیا جا سکتا ہے، ایپل کا اس میدان میں قدم رکھنا ایک نئی دوڑ کا آغاز کر سکتا ہے۔ ابھی پچھلے ہفتے ہی دیکھا گیا ہے کہ سام سنگ کی ویب سائٹ پر گلیکسی ایس “SM-G888N0’ نامی ڈیوائس کو سپورٹ پیج دیا گیا ہے گو کہ ابھی یہ خالی ہے لیکن کہا جا رہا ہے یہی دنیا کا پہلا وسیع پیمانے پر بنایا جانے والا فولڈیبل فون ہوگا۔

تبصرے
لوڈنگ۔۔۔۔
error: اس ویب سائٹ پر شائع شدہ تمام مواد کے قانونی حقوق بحق ادارہ محفوظ ہیں