اردو زبان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا مستند جریدہ

اب یوٹیوب وڈیوز دیکھیں، واٹس ایپ کے اندر رہتے ہوئے

3,264

صرف چند ہفتے پہلے ہی ہم نے دیکھا کہ فوری پیغام رسانی کی معروف ایپ واٹس ایپ نے ایک نئی خصوصیت پیش کی جسے “ڈیلیٹ فار ایوری ون” کا نام دیا گیا اور اب دو مزید غیر معمولی خصوصیات کے بارے میں پتہ چلا ہے۔

واٹس ایپ کی خصوصیات کی طویل فہرست میں بلاشبہ آڈیو نوٹس صارفین کی پسندیدہ ترین سہولیات میں سے ایک ہوگا۔ جب صارف جلدی میں ہو، دونوں ہاتھوں سے ٹائپ کرنے کی پوزیشن میں نہ ہو تو وائس میسیجز کرنا ان کے لیے آسان ترین ہے ۔ لیکن ایک مسئلہ ضرور ہے، وائس میسج بھیجنے کے لیے مائیک کے بٹن کو دبا کر رکھنا پڑتا ہے ۔ تو پہلی بڑی خصوصیت تو یہ آنے والی ہے کہ اب اس جھنجھٹ سے جان چھوٹنے والی ہے اور اب محض نصف سیکنڈ تک مائیک کے بٹن پر ہاتھ رکھا جائے تو لاک کرنے کا بٹن نمایاں ہو جائے گا اور پھر جتنا لمبا میسج بھیجنا ہے بھیجیں، ہاتھ دبا کر رکھنے کی فکر اب نہیں ہوگی۔ اس خصوصیت کا ذکر ہم پہلے بھی کر چکے ہیں۔

اب چلتے ہیں ایک اور نئی خاص بات کی طرف۔ معلوم ہوا ہے کہ اگلے اپڈیٹ کے بعد واٹس ایپ کے اندر رہتے ہوئے یوٹیوب وڈیوز دیکھنا ممکن ہوگا۔ یہ خصوصیت آئی او ایس صارفین تک پہلے ہی پہنچ چکی ہے اور جلد ہی اینڈرائیڈ صارفین کا بھی رخ کرے گی ۔

ویسے دلچسپ بات یہ ہے کہ واٹس ایپ دنیا کی سب سے مشہور پیغام رسانی کی ایپ ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ جدت طرازی اور نت نئی چیزیں لانے میں اس کا روسی مقابل ادارہ ٹیلی گرام ہمیشہ آگے رہتا ہے اور یہاں بھی ایسا ہی نظر آ رہا ہے۔ بہرحال، اب تک ایسا ہوتا تھا کوئی صارف یوٹیوب کی وڈیو کا لنک بھیجے تو اسے کھولنے پر وہ یوٹیوب ایپ میں چلا جاتا تھا یا پھر براؤزر میں۔ لیکن اب ایسا نہیں ہوگا۔ صارفین کو واٹس ایپ سے باہر جانے سے روکنے کے لیے یہ قدم اٹھایا گیا ہے کہ یوٹیوب وڈیو واٹس ایپ کے اندر ہی چلے۔

تبصرے
لوڈنگ۔۔۔۔
error: اس ویب سائٹ پر شائع شدہ تمام مواد کے قانونی حقوق بحق ادارہ محفوظ ہیں